سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ضلع ترقیاتی کونسل اور ضمنی پنچایتی انتخابات کے حتمی دور کے موقعہ پرحکام کوموثر حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعہ کو شمالی کشمیرکے کپوارہ،ہندوارہ اور بارمولہ اضلاع کا دورہ کرکے حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا،جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈکوارٹروں پر ڈی آئی جی شمالی کشمیر چودھری سلیمان کے ہمراہ حفاظتی جائزہ میٹنگوں کی صدارت کی ۔اضلاع کے پولیس ہیڈ کوارٹروں پر میٹنگوں کے دوران ڈی جی پی نے فوج وسی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام کیساتھ سیکورٹی امور پر تباد لہ خیال کیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی ہندواڑہ، ڈاکٹر جی وی سندیپ چکروتی ،ایس ایس پی بارہ مولہ عبدالقیوم اور ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکرنے پنچایت اور ڈی ڈی سی انتخابات۔2020 کے دوران پولیس کی جانب سے ضلع کی حفاظتی صورت حال اور پولیس کے اقدامات کے بارے میں ایک تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ کے دوران ، ڈی جی پی نے فورسز کے کردار کو سراہا اور انہیں انتخابات کے کامیاب اور کسی ناخوشگوارواقعہ سے مبرا انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور سیکورٹی گرڈ کو مستحکم بنانے کے لئے افسران کو زیادہ چوکس رہنے کی ہدایت کی۔پولیس سربراہ نے کہا کہ لوگوں کی سلامتی اور حفاظت ہمارابنیادی مقصد ہے اور جنگجوئوں کی جموں کشمیرکے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے حکام سے تلقین کی کہ وہ آپسی تال میل کو بنائے رکھیں اور عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے پولیس کی جنگجو مخالف کاررائیوں کیلئے سراہناکی اور کہا کہ ان کی محنت کی ہی وجہ سے کئی کمانڈروں کو جان بحق کیا گیا۔ انہوں نے انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے کردار کو سراہا اور ان افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے بعد بھی اپنا حوصلہ بلند رکھیں۔