اننت ناگ// پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے اننت ناگ کا دورہ کیا اور جنوبی کشمیر کے سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کے لیے افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی۔دلباغ سنگھ کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وجے کمار بھی تھے ۔میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے چوکس رہنے پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی امن دشمن عناصر کو کسی قسم کی خلل پیدا کرنے کی جگہ نہ دی جائے اور جرائم پیشہ افراد اور عسکریت پسندوں اور دیگر مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے آپریشنز کو تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ شرپسندوں اور اوور گراؤنڈ ورکرز پر کڑی نگرانی کی جائے۔ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس نے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر گزشتہ تین دہائیوں سے مشکل حالات میں امن و امان کو مؤثر طریقے سے برقرار رکھا ہے تاکہ لوگوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ فورسز کے ساتھ عوام کے تعاون سے امن برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے اور جموں و کشمیر میں امن مشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ان تعلقات کو ہر سطح پر مضبوط کیا جانا چاہیے۔