تربیتی پروگرام میں142افسرواہلکار شریک
سرینگر//جموں کشمیر پولیس ملک کی بہترین پولیس فورس ہے اوراِس فورس نے ملیٹینسی کی روکتھام کی کارروائیوں میں غیرمعمولی طور اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔اس بات کااظہار پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جموں کشمیر پولیس اور قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے افسروں کی صلاحیت سازی وتربیت کے سہ روزہ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق انہوں نے اس پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی جی پی جموں، این آئی اے کے افسران اور اے آئی جی (ٹریننگ/پالیسی) پی ایچ کیو کو پروگرام کے انعقاد کے لیے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی این آئی اے، شری کلدیپ سنگھ کے تعاون سے ہم جے کے پی کے تفتیش کاروں کے لیے خصوصی جرائم خاص طور پر غیرقانونی سرگرمیوں کی انسداد سے متعلق قانون کے کیسوں کی تفتیش پر چوتھا کورس منعقد کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں مزید پروگرام منعقد کرنے کی امید ظاہر کی۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ ان چار پروگراموں کے دوران تقریباً 500 افسران کو خصوصی تفتیشی مہارت کی تربیت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے کے پولیس کے پاسUAPA اور خصوصی نوعیت کے دیگر معاملات کی صورت میں کام کے بوجھ سے نمٹنے کے لئے یہ ایک بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے افسران کو مشورہ دیا کہ انہوں نے تربیتی پروگرام کے دوران جو کچھ بھی سیکھا ہے ،اسے ادارے کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھایا جائے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ موثر تحقیقات کے لیے واقعات کی ٹائم لائن اور سلسلہ بہت ضروری ہے۔ مختلف مقدمات کی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے، پولیس سربراہ نے کہا کہ بعض اوقات تفتیش کی تکنیک زیادہ اہم ہو جاتی ہے اور ثبوت کو پورا کرنے میں مدد کرتی ہے۔ دلباغ سنگھ نے مزید کہا کہ ان تربیتی پروگراموں کا انعقاد پولیس ہیڈکوارٹر کے جموں و کشمیر پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تفتیشی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے اور اپ ڈیٹ کرنے کے اقدام کا ایک حصہ ہے۔اس موقع پر ایس پی ایل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے انسدادملیٹینسی کی کارروائیوں میں غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تحقیقات کو ایک مختلف سطح پر لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا کلچر پیدا کرنے اور تفتیش کے میدان میں سبقت حاصل کرنے کے لیے صلاحیت سازی کے پروگراموں کا انعقاد بالکل ضروری ہے۔اس موقع پر اے ڈی جی پی جموں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے تربیتی پروگراموں کے انعقاد سے جموں و کشمیر پولیس کے تفتیشی افسران کو مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انسدادملی ٹینسی کی تحقیقات اور جانچ کے معیار میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور بڑھانے کے لیے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی آئی جی این آئی اے شری کلیراج مہیش کمار نے اپنی تقریر میں کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی بہترین فورس میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین روزہ تربیتی پروگرام کے دوران این آئی اے کی فیکلٹی نے تفتیش کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں اور امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر پولیس کے افسران اس صلاحیت سازی کے اقدام سے یقینی طور پر مستفید ہوں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں زون، ایس آئی اے، پراسیکیوشن سروسز کے142 افسران جن میں ایک ایس ایس پی، 15 ڈی وائی ایس پی، 11 سینئر پراسیکیوٹنگ افسران، اور جموں و کشمیر پولیس کے 115نان گزیٹیڈ تفتیشی افسران شامل ہیں، نے صلاحیت سازی کے پروگرام میں حصہ لیا جو اس ماہ کی23 تاریخ کو شروع ہوا تھا۔