سرینگر// وادی کشمیر میں جمعرات کو پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مزاحمتی قیادت کی اپیل پر پولنگ والے علاقوں (وسطی کشمیر کے تین اضلاع سرینگر، بڈگام اور گاندربل) میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ سرینگر اور بڈگام کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہروں،سنگباری،ٹیر گیس اورپیلٹ کا استعمال کیا گیا۔اس دوران خاتون سمیت3شہری اور2ڈی ایس پی سمیت نصف درجن اہلکار زخمی ہوئے۔پولنگ والے علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کلی طور پر معطل رہی۔ پولنگ والے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر حکومتی احکامات پر بند رہے۔سری نگر، بڈگام اور گاندربل میں جمعرات کو مکمل شٹرڈاون و پہیہ جام ہڑتال رہی۔ تینوں اضلاع میں اکثر سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ ہڑتال اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران تشدد کے خدشے کے پیش نظر وادی بھر میں ریل خدمات معطل رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ پولنگ والے اضلاع میں تیز رفتار والی فور جی اور تھری جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو منقطع رکھا گیا۔
احتجاج
انتخابی عمل کے دوران وسطی کشمیر کے درجنوں علاقوں میںپر تشدد مظاہرے ہوئے۔چاڈورہ کے ہفرو گائوں میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ کا استعمال کیا گیا،جس میں ایک خاتون سمیت3افراد پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے۔خاتون کو بعد میں سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بڈگام کے نصر اللہ پورہ میں نوجوانوں اور فورسز کے درمیان دن بھر وقفہ وقفہ سے جھڑپیں ہوتی رہیں۔بیروہ میں بھی دن بھر فورسز،پولیس اور نوجوانوں کے درمیان خشت باری رہی۔ نوجوانوں نے درجنوں فورسز گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔چرار شریف میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان جم کر جھڑپیں ہوئیں۔جس کے دوران ایک شخص کو گولی لگی ۔چرار شریف میں شدید جھڑپوں کے بعد پولنگ کو معطل کرنا پڑا۔بائز ہائر اسکینڈری اسکول میں قائم پولنگ بوتھ پر سنگبازی کے دوران مزمل احمد نامی اہلکار زخمی ہوا۔ بڈگام کے کنڈورہ،چیوڈارہ،کاوسہ اور رٹھسونہ علاقوں میں بھی جھڑپیں ہوئیں۔سرینگر کے صورہ، آنچار،حول، نٹی پورہ،بٹہ مالو اور دیگر کئی علاقوں میں بھی پتھرائو ہوا۔نامہ نگار ارشاد احمد کے مطابق گاندربل کے چھترگل، سرتھ رائو،چھن،مامر،بارسو،نونر،نیلا نجون،آکہال،تولہ مولہ اور کرہامہ میں شام کے وقت اس وقت سنگباری کے واقعات پیش آئے،جب فورسز دن بھر تعینات رہنے کے بعد اپنے کیمپوں کی طرف واپس جا رہے تھے۔فورسز نے ٹیر گیس گولوں کا بھی استعمال کیا،جبکہ3نوجوان معمولی طور پر زخمی ہوئے۔ سرینگر کے پاندچھ علاقے میں شام کے وقت اس وقت قہر انگیز سنگبازی ہوئی،جب فورسز اور پولیس دن بھر تعینات رہنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ نوجوانوں نے پولیس اور فورسز کو نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں2 ڈی ایس پیز سمیت5اہلکار زخمی ہوئے۔