کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت کوٹ دھڑہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔پنچایت کی وارڈ نمبر چھ کے مکینوں نے متعلقہ محکمہ او ر ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ میں گزشتہ 3ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پید اہو گئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔محمد رفیق نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ گزشتہ تین مہینوں سے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مکینوں کو در در کی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہیں تاہم کوئی بھی آفیسر مکینوں کی مشکلات کی جانب دھیان ہی نہیں دے رہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی فراہمی کیلئے محکمہ کو متحرک کیا جائے ۔