پنچایتی وبلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال

 سرینگر// بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری رام مادھو ،پردیش کانگریس کے وفدنے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ رام مادھو نے ریاست کی مجموعی تعمیر و ترقی سے جڑے امور کے علاوہ جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والے شہری بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات کے سلسلے میں اپنی جماعت کے نظریہ کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے رام مادھو کو قصبوں اور دیہاتوں کی تعمیر و ترقی میں ان انتخابات کی اہمیت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اور پنچائتی اداروں کی بدولت زمینی سطح پر ترقیات کو فروغ دینے میں کافی مدد ملتی ہے۔ادھر کانگریس کا ایک وفد جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر کی قیادت میں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا۔وفد نے ارکان نے گورنر کو آنے والے پنچائتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات سے متعلق اپنی تشویش اور اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔وفد نے گورنر کو اپنے اپنے علاقوں کی ترقیاتی ضروریات کے علاوہ ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات سے بھی روشناس کرایا۔گورنر نے بنیادی سطح پر لوگوں کو با اختیار بنانے کے لئے مقامی اداروں کی بحالی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے نچلی سطح پر جمہوری فریم ورک مضبوط ہوگا اور لوگ دیہی اور قصبوں کی سطح پر ترقیاتی پروگراموں میں شریک ہوسکتے ہیں۔وفد میں حاجی عبدالرشید ڈار، غلام نبی مونگا، وقار رسول وانی، گلزار احمد وانی، محمد امین بٹ، پیرزادہ محمد سید، طارق حمید قرہ، تاج محی الدین، فاروق اندرابی، سریندر سنگھ چنی، کھیم لتا وکھلو، عبدالغنی خان اور نثار منڈو شامل تھے۔ادھرسابق ممبر قانون ساز کونسل رحیم داد کی سربراہی والا چار رُکنی وفد آج راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا۔ایم ایل سی موصوف نے گورنر کو پونچھ ضلع کے ترقیاتی امور اور ایل او سی کے متصل رہنے والے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے تمام مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے رحیم داد کو ریاست کی تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی صلاح دی۔دریں اثناء ایم ایل اے بانہال وقار رسول وانی نے آج راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور گورنر کو مطالبات پر مشتمل پر ایک میمورنڈم پیش کیا۔ایم ایل اے نے گورنر کو اپنے حلقہ کی ترقیاتی ضروریات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ پوگل، چملواس، رام سو اور سمبر کے ہائی سکولوں کا درجہ بڑھایا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں مختلف سڑکوں کی تجدید و مرمت کے لئے رقومات واگذار کی جانی چاہئیں۔انہوں نے گورنر سے ایس ایس اے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔گورنر نے ایم ایل اے کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔