سرینگر//حکومت نے ایک اہم فیصلے کے تحت مِڈ ڈے میل سکیم کے تحت رقومات ، عمل آوری اور کار کنوں کو پنچایتی راج اِداروں کو سپر د کئے ہیں۔محکمہ سکولی تعلیم کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے مطابق حکومت نے جے اینڈ کے پنچایتی راج ایکٹ 1989 میں موجودہدایات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔حکمنامے میںکہا گیا ہے کہ سکولوں میں مِڈ ڈے میل کو تیار کرنے اور تقسیم کاری کا کام متعلقہ حلقہ پنچایتیں کمیونٹی سطح کی کمیٹیوں ( سی ایل سیز)کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔اِس مقصد کے لئے متعلقہ سکولوں کی طرف سے تعینات شدہ ہیلپروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔سی ایل سیز کی سربراہی سرپنچ / ایڈمنسٹریٹر یا پنچ کریں گے جنہیں سرپنچ / ایڈمنسٹریٹر نامزد کریں گے ۔اس کمیٹی کے ممبران میں پنچایت حلقے ( بالخصوص خواتین ) کے دو ممبرہوں گے جنہیں ایک تدریسی سیشن کے لئے نامزد کیا جائے گا۔پانچ خواتین کمیونٹی سے لی جائیں گی جو اُن بچوں کے والدین ہوں گے جو ان ہی سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہوں۔اسی طرح اس تعلیمی ادارے کا سربراہ کمیٹی کا ممبر سیکریٹری ہوگا۔حلقہ پنچایت مقرر شدہ ایجنسیوں کے ذریعے مِڈ ڈے میل کے معیار کا ہفتہ وار بنیادوں پر جانچ کرے گااور کسی بھی شکایت کے مد نظر فوری کارروائی عمل میں لانے کا مجاز ہوگا۔