ضلع انتظامیہ نے 42 غیر حاضرملازمین سے جواب طلب کرلیا
سرنکوٹ +مینڈھر// پنچایتی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین نے پارلیمانی انتخابات کے لئے منعقدہ تربیتی پروگرام کا بائیکاٹ کر تے ہوئے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وعدے کے مطابق ابھی تک ان کو اضافی تنخواہ نہیں دی گئی ہے ۔ملازمین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی دینے والے ملازمین کیساتھ وعدہ کیا گیا تھا کہ ان کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دی جائے گی لیکن ابھی تک ان کیساتھ کئے گئے وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے رہبر تعلیم ٹیچر فورم کے زونل صدر سرنکوٹ محمد یوسف شاہ نے گورنر انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کا استحصال کیاجا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات کے دوران جنرل ایڈ منسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملازمین کو اضافی تنخواہ دینے کیلئے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا مگر بد قسمتی سے تین ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ملازمین کیساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ملازمین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی مانگوں کو جلداز جلد پورا کیا جائے ۔ادھرضلع پونچھ میں انتظامیہ کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ تربیتی پروگرام میں شرکت نہ کر نے پر 42ملازمین سے جواب طلب کیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری شدہ ایک حکم نامے کے تحت ملازمین کو ہدایت جاری کی گئی ہیںکہ وہ 28مارچ تک غیر حاضری کی وجوہات بیان کریں۔اس سے قبل تمام حلقوں سے متعلقہ اسٹنٹ رٹیرنگ آفیسر وں کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی تھی کہ ملازمین کی ایک بڑی تعدا د 26مارچ کو منعقدہ تربیتی پروگرام سے غیر حاضر رہی۔ان غیر حاضر ملازمین میں اسمبلی حلقہ حویلی کے 30جبکہ اسمبلی حلقہ مینڈھر کے 12ملازمین شامل ہیں ۔