نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کو تاریخی اہمیت کے حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات کے احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے مرکزی حکومت ہر ممکن تعائون دینے کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی گور نر انتظامیہ کے مطالبے پر اضافی فورسز بھیج دی جائیں گی ۔مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ان انتخابات سے ریاست میں زمینی سطح پر جمہوریت ازسر نو قائم ہوگی ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں پہلی مرتبہ ہیلتھ سینٹر ،پرائمری اسکولز اور آنگن وارڈی سینٹروں کا انتظامی کنٹرول پنچایتوں کے ہاتھوں میں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ اختیارات پنچایتی انتخابات کے بعد پنچایتوں کو تفویض کئے جائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ پنچایتوں کو ’از خود فنڈس پیدا کرنے ،جیسے بلڈنگ اجازت فیس ،ٹیکسز ،تفریح ،اشتہارات ،ہوڈنگس ،مختلف تجارت اور پیشہ کے اختیارات بھی پنچایتوں کو دئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 73ویں ترمیم کے تحت تمام29اداروں کے کام کرنے کے اختیارات بھی جموں وکشمیر کی پنچایتوں کو دئے جائیں گے ۔ان کا کہناتھا کہ اس میں پرائمری ہیلتھ سینٹر ،پرائمری اسکولز،آنگن وارڈی سینٹروں شامل ہیں ،جن کے کام کرنے کے اختیارات پنچایتوں کو دئے جائیں گے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں اگلے ماہ سے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا عمل 4اور9مراحل میں بالترتیب شروع ہوگا ۔یاد رہے کہ ریاست کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے گزشتہ دنوںکہاتھا کہ سیکورٹی فورسز کی 400 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا’’ یہ انتخابات بے مثال سیکورٹی انتظامات کے بیچ کرائے جائیں گے‘‘۔