سرینگر/سٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن (ایس ایچ آر سی) نے سوموار کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ہاتھوں حالیہ ہلاکتوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے حکام سے اس واقعہ کے متعلق ''حقائق پر مبنی'' رپورٹ طلب کی ہے۔
سنیچر وار کو پلوامہ ضلع کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
حقوق کے کارکن احسن انتو کی ایک شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن نے آج کمشنر سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ،ڈی جی پی،ڈی سی پلوامہ اور ایس ایس پی پلوامہ کے نام نوٹس جاری کی جس میں لکھا گیاکہ اس واقعہ کے بارے میں اگلی شنوائی سے قبل''حقائق پر مبنی رپورٹ'' پیش کی جانی چاہئے۔