سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے سوموار کو سیول سیکریٹریٹ جمو ں میں پلوامہ میں حالیہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پارٹی کے ایم ایل سی فردوس ٹاک ،سابق رکن قانون سازیہ اعجاز میر اور یاور میر نے سیکریٹریٹ میں مظاہرے کی قیادت کی۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے اور اُنہوں نے سیکریٹریٹ کے اندر مارچ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں شہری ہلاکتوں کا سلسلہ روکا جانا چاہئے۔
ایم ایل سی فردوس ٹاک نے الزام عاید کیا کہ گورنر ناکام ہوئے ہیں اور نئی دلی کوحالات قابو سے باہر ہونے سے پہلے ہی کچھ کرنا چاہئے۔
یاد رہے کہ سنیچر وار کو پلوامہ ضلع کے کھارہ پورہ، سرنو نامی علاقے میں فورسز کارروائی میں سات شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے بیچ ہوئی جھڑپوں کے دوران پیش آئیں۔مذکورہ معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔