سرینگر/جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے پنزگام گائوں میں سنیچر کو فورسز نے ایک کارروائی کے دوران جن تین جنگجوئوں کو جاں بحق کیا اُن کی شناخت ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں میں شوکت احمد ڈار ساکنہ پنزگام،عرفان احمد ساکنہ وڈورہ سوپور اور مظفر احمد شیخ ساکنہ ٹہاب پلوامہ شامل ہیں۔تینوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔
فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا کے مطابق پنزگام معرکہ آرائی کے دوران تیسرے جنگجو کے جاں بحق ہو نے کے بعد آپریشن ختم کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد علی الصبح پنزگام کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔
چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی گولیاں چلائیں اور یوں معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔
فوج اور پولیس ذرائع کے مطابق کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔