پلوامہ //پلوامہ میں انتظامیہ نے کووِڈ- 19کی روکتھام کیلئے ضلع کے سرکاری دفاتر میں داخل ہونے سے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کرنے کو لازمی قراردیا ہے تاکہ ان دفاتر میں داخل ہونے والے لوگ ملازمین کو متاثر نہ کریں۔اطلاعات کے مطابق ضلع انتظامیہ پلوامہ نے کوروناوائرس وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے اُس سرکاری دفاتر جہاں لوگوں کاآناجانازیادہ ہے،میں داخل ہونے سے قبل ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیسٹنگ کی یہ مہم پہلے اُن دفاتر میں شروع کی جائے گی جہاں لوگوں کا زیادہ آنا جانا ہوتاہے۔اس سلسلے میں بلاک میڈیکل افسر پلوامہ نے مختلف دفاتر میں خصوصی موبائل ہیلتھ ٹیمیں تعینات کی ہیں جویہ کام انجام دیں گے ۔اس سلسلے میں شعبہ صحت کی خصوصی ٹیموں نے پلوامہ ڈپٹی کمشنر دفتر اور کورٹ کمپلکس کے علاوہ تحصیل اور میونسپل کمیٹی کے دفاتر میں ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کرنے کاکام شروع کیا ہے ۔اس دوران ٹیم نے گزشتہ روزسے پانچ سو افراد کے ٹیسٹ عمل میں لائے۔ٹیم کے انچارج نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ کے سبب یہ عمل شروع کیا گیاہے اور عام لوگوں کی سہولت کیلئے یہ خدمات میسررکھی گئی ہیں ۔انہوں نے تاہم کہا کہ لوگ محکمہ کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں سرکاری دفاتر میں ٹیسٹ انجام دئیے جائیں گے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں محکمہ صحت کی جانب سے پلوامہ کے مختلف علاقوں میں بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ٹیسٹ پروگرام شروع ہوگا۔خیال رہے ضلع پلوامہ میں تقریبا تین ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جن میں دو ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں جبکہ 60 اموات بھی کورونا سے ہوئی ہیں۔
پلوامہ میں کووِڈ- 19کی روکتھام | سرکاری دفاتر میں داخل ہونے سے قبل ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ لازمی
