سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سنیچر کو جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کی جگہ کے آس پاس شدید جھڑپوں کے دوران گیارہ شہری زخمی ہوگئے۔
یہ معرکہ آرائی حاجن، راجپورہ نامی گاﺅں میں دوران شب شروع ہوئی اور اس میں پولیس کے مطابق چار جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کی ایک اچھی خاصی تعداد نے معرکہ کے آس پاس تعینات فورسز اہلکاروں کو شدید سنگباری کا نشانہ بنایا جنہوں نے پیلٹ فائرنگ کی اور ٹیر گیس کے گولے داغے اور یوں باضابطہ جھڑپوں کا آغاز ہوگیا جن میں بعدازاں شدت آگئی ۔
ذرائع کے مطابق پبلک ہیلتھ سینٹر راجپورہ میں گیارہ زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کو اعلیٰ علاج کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا۔
اس سے قبل دوران شب حاجن، راجپورہ نامی گاﺅں میں اُس وقت معرکہ آرائی شروع ہوئی جب فورسز نے محاصرے کے بعد گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوگیا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔
اس آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے حصہ لیا جنہوں نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کیا تھا ۔
اس معرکہ آرائی میں پولیس اور فوج کے مطابق چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔