پلوامہ میں سرنگ دھماکہ، اہلکار زخمی | ایک آئی ای ڈی ناکارہ بنائی گئی

پلوامہ//پلوامہ سرکیولر روڑ پر گانگو نامی گائوں کے نزدیک بارودی سرنگ کا ایک زوردار دھماکہ ہوا ،جس میں ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوا  ۔علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران ایک اور سرنگ کو برآمد کرنے کے بعد ناکارہ بنایا گیا ۔ اتوار کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب  سرسیکولر روڑ پلوامہ میں گانگو کی بستی کے نزدیک پیکس آٹو موبائل ورکشاپ کے قریب میوہ باغات میں اس جگہ جنگجوئوں کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ زور دھماکہ ہوا جہاں پولیس وسی آر پی ایف کا معمول کا مشترکہ ناکہ قائم  ہوتاہے۔ اس واقعہ میں سی آر پی ایف 182بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار زخمی ہوا ۔ دھماکے کے فوراً بعد یہاں موجود اہلکاروں نے ہوا میں درجنوں روانڈ فائر کئے ۔ جہاں پر دھماکہ ہوا وہ باغاتی علاقہ ہے ۔ واقعہ کے چند منٹ بعد فوج ،فورسز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور جنگجوئوں کی تلاش شروع کی۔ دن کے ایک بجے تک علاقے میں تلاشی کارروائیاں جاری رہیں۔اس دوران یہاں ایک اور سرنگ کو برآمد کیا گیا جو بعد میں ناکارہ بنا ئی گئی ۔