پلوامہ//جنوبی ضلع پلوامہ میں منگل کو لتر علاقے میں جھڑپ کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔واقعہ کے بعد مشتعل مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران مظاہرین نے ایک لوڈ کیریئرکو نذر آتش کردیا۔ضلع میں انٹر نیٹ سہولیات منقطع کردی گئیں اور علاقے میں ہڑتال کی گئی۔
جھڑپ کیسے ہوئی؟
مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح قریب 11بجکر 10منٹ پر چودھری باغ لتر میں 55آر آر کے اہلکار اور پرائیویٹ لوڈ کیرئیر میں سوار ہوکر آئے اور جونہی وہ گائوں میں اک جگہ لوڈ کیرئر سے اتر گئے تو اسی دوران وہاں سے قریب 3جنگجوئوں کا گذر ہورہا تھا جنہوں نے فوجی اہلکاروں کو دیکھا۔ اس موقعہ پر طرفین کے مابین جونہی اچانک آمنا سامنا ہوا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو مختصرناً جارہی رہا جس میں ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی۔اسی اثناء میں دیگر فوجی اہلکار گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے اور گائوں کا محاصرہ کیا۔انہوں نے خانہ تلاشیاں لینی شروع کیں لیکن تب تک دیگر دو جنگجو فرار ہوچکے تھے۔بعد میں فورسز نے جنگجو کی لاش اپنی تحویل میں لیکر قریب دو گھنٹے بعد محاصرہ اٹھا لیا۔مہلوک جنگجو کی شناخت جیش محمد کے ناصر بھائی عرف رحمٰن بھائی کے بطور کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ برسوں سے پلوامہ میں سرگرم تھا۔
جھڑپیں، ہڑتال
گولیوں کے مختصر تبادلے میں ایک جنگجو جاں بحق ہونے کے بعد مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا،جو کافی دیر تک جاری رہا۔چودھری باغ لتر کے بالکل قریب ایک چھوٹا گائوں ہے اور تب تک نیلورہ اور لتر کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے تھے۔مظاہرین نے
فورسز پر شدیدسنگباری کی جنہوں نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیاں شروع کی تھیں۔فورسز نے مظاہرین کیخلاف ٹیر گیس کے گولے داغے اور پیلٹ کا استعمال بھی کیا۔جھڑپوں کے دوران ہی مشتعل ہجوم نے لوڈ کیر ئر گاڑی زیر نمبر JK13/1233کو نذر آتش کیا ، جس میں فوجی اہلکار سوار ہو کر آئے تھے۔جنگجو کی ہلاکت کیساتھ ہی پلوامہ لتر روڑ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی اور شاہورہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔پلوامہ میں انٹر نیٹ سہولیات منقطع کی گئیں اور معمولات زندگی متاثر ہوئی۔
پولیس بیان
پولیس ترجمان کے مطابق چودھری باغ لیتر پلوامہ میںمختصر گولیوں کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند جاں بحق ہوا ۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کی تحویل سے ایک رائفل اور دیگر گولی بارود کے علاوہ قا بل اعتراض مواد ضبط کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا ۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔
ترال میں فورسز پر پتھرائو
پیلٹ سے نوجوان زخمی
ترال/سید اعجاز/جنو بی قصبہ ترال میںفورسز کی جانب سے پیلٹ چلانے کے باعث اک نوجوان بری طرح زخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ 42آر آر نے آری گام ترال کا مھاصرہ کیا تھا اور تلاشی آپریشن کیا۔جنگجو مخالف آپریشن کے بعد جونہی فوج کی گاڑیاں واپس آرہی تھیں توترال کے بس اسٹینڈ میںنوجوانوں نے فورسز پارٹی کو سنگباری کا نشانہ بنایا اور اہلکاروں نے اْن پر پیلٹ فائر کئے۔ پیلٹ سے زخمی نوجوان کا ترال کے اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اسکی آنکھ متاثر ہوئی ہے۔اس واقعہ سے قصبے میں افرا تفری پھیل گئی۔اس دوران دیر رات گئے لرگام میں 42آر آر کیمپ کی حفاظت پر مامور سنتری نے مشتبہ حرکت دیکھ کر ہوائی فائرنگ کی۔پولیس نے کہا کہ مشتبہ حرکات کی بنا پر علاقے میں تلاشیاں لی گئیں۔