سرینگر/سنیچرکو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی میں چار جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے چار جنگجوﺅں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ آرائی کی جگہ سے ہتھیار اور گولہ بارود بر آمد کیا گیا ہے۔
یہ معرکہ آرائی دوران شب حاجن، راجپورہ نامی گاﺅں میں اُس وقت شروع ہوئی جب فورسز نے محاصرے کے بعد گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق آج صبح پہلے دو جنگجو جاں بحق ہوگئے تاہم گولی بھاری کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران مزید دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوگیا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔
اس آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکار وں نے حصہ لیا جنہوں نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کیا تھا ۔
جاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔