پلوامہ شہری ہلاکتوں کیخلاف تاجروں کا احتجاج

سرینگر// پلوامہ میں شہری ہلاکتوں کے خلاف کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے جلوس برآمد کر کے ہلاکتوں کے چکر کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ جنوبی ضلع پلوامہ میں سنیچر کو7 عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے نائب صدر منظور احمد بٹ کی قیادت میں آبی گزر لالچوک سے جلوس برآمد کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔احتجاجی تاجر ہلاکتوں کو بند کرنے کی نعرہ بازی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڑ تھے،جن پر’’ریاستی دہشت گردی کو بند کرو‘‘، ’’انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرو ‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پریس کالونی پہنچ کر دھرنا دیا۔اس موقعہ پر کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹرہی بشیر احمد کنگپوش نے پلوامہ میں شہری ہلاکتوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ انسانیت کو شرمسار کرنے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امسال جنوبی کشمیر میں انسانی لہو کو پانی کی طرح بہایا گیا اور قریب وادی میں زائد از100شہری ہلاکتیں اس بات کا بین ثبوت ہے کہ فورسز صبر سے کام نہیں لیتی۔کشمیر اکنامک الائنس کے نائب صدر محمد اقبال ترمبو نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان ہلاکتوں کو بند کیاجائے جبکہ شہری ہلاکتوں سے براہ راست وادی کا امن متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ احتجاجی مظاہرین سے نپٹنے کے دوران معیاری عملیاتی طریقہ کار کو عملایا نہیں جاتا۔مظاہرے میں پسنجر ویلفیر ٹرانسپورٹ کے جنرل سیکریٹری شیخ محمد یوسف ویسٹرن بس اسٹینڈ کے صدر اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔