پلوامہ حملہ میں ملوث ہونیکا دعویٰ

نئی دہلی// دلی پولیس کی اسپیشل ٹیم نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سجاد احمد خان نامی ایک 27سالہ نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جواونتی پورہ حملے کی سازش کے ماسٹر مائنڈ مدثرخان کا ساتھی رہا ۔ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود سنگھ کشواہا نے جمعہ کو بتایا کہ جمعرات کی دیر رات مشتبہ جنگجو کو لاجپت رائی مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا ۔ وہ جیش محمد سے وابستہ ہے ۔ قومی تفتیشی ایجنسی(این آئی اے) نے اسکے خلاف پہلے ہی کیس زیر نمبر 8/2019درج کیا ہوا ہے اور وہ مطلوب تھا ۔ کشواہا نے بتایا کہ سجاد خان پلوامہ حملے کی سازش رچنے والے مدثر خان کا ساتھی ہے ۔ اسے دہلی میں جیش محمد کا سلیپر سیل بنانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ مدثر حال ہی میںفورسز کے ساتھ ترال علاقے میںمارا گیا تھا۔این آئی اے کے مطابق اُسے پٹیالہ ہائوس عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اُس کی 8روز کی پولیس ریمانڈ حاصل کی گئی۔