سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی اور تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ اور شوپیان میں مارے گئے جنگجوئوں اور اور عام شہریوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ اس خطے میں جو بھی خون خرابہ اور انسانی زندگیوں کا اتلاف ہورہا ہے، اس کے لئے صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی والی پالیسی ذمہ دار ہے۔ گیلانی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ان کے گھروں میں چھاپے مار کر انہیں گرفتار کرکے عقوبت خانوں کی نذر کرتے ہیں۔ انہوںنے افواج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے مارے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی ایک منصوبہ بند سازش کے تحت بلا لحاظ عمر وجنس معصوم کشمیریوں کا آئے روز قتل کرکے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد برائے حصول حقِ خودارادیت کو دبانے اور ختم کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے،وہ لوگوں کوپشت بہ دیوارکررہے ہیں اور طاقت کا بے تحاشا استعمال کرکے انہیں ہر طرح سے بے بس بنانا چاہتے ہیں۔ ادھر محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ نوجوان حق خود ارادیت کے حصول اور بھارت کے تسلط سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنا گرم گرم لہو بہارہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ان سرفروشوںکی جانب پیش کی جارہی قربانیوں کے لئے انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔