راجوری //سرحدی ضلع راجوری کے پلانگڑ ھ کی عوام نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت زیر تعمیر سڑک کو پلانگڑھ سے لوہر بڈھانو علا قہ کیلئے نکالی جائے تاکہ زیادہ آبادی کو فائدہ حاصل ہو سکے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوامی علاقہ کو نظر انداز کر کے سڑک کی تعمیر کر رہا ہے ۔اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے مشتاق شاہ اور محمود عظم نے کہا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک نئی سڑک کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر عوامی امنگوں کے مطابق مذکورہ سڑک کی تعمیر عمل میں لائی گئی توعلا قہ کی ایک بڑی آبادی کو فائدہ پہنچ سکے گا ۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سڑک کو عوامی مانگ کے برعکس نکالنے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کر نے کیلئے سڑک کی تعمیر کو ممکن بنایا جائے ۔