سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میںضوابط سے متعلق کمیٹی نے کشمیر میں کورونا وائرس مریضوں کے علاج کیلئے ’’پلازمہ تھرپی‘‘ کو منظوری دی ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ اورپلازمہ تھرپی کے ماہر ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ماہر امراض قلب ڈاکٹر خورشید عالم کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوا،جس میں زندگی کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے حصہ لیا ‘‘۔ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے بتایا ’’ اتوار کی میٹنگ میں کمیٹی نے کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے کیلئے پلازما تھرپی کو منظوری دی ‘‘۔ ڈاکٹر نوید نذیر نے بتایا ’’ مشینری جی ایم سی سرینگر میں موجود ہے اور اس کے علاوہ کٹ درکار ہونگے‘‘۔ڈاکٹر نوید نے بتایا ’’پلازما تھرپی کو کامیاب بنانے کیلئے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کو پلازما بطور عطیہ دینا ہوگا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ اس تھرپی کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کو رضاکارانہ طور پر سامنے آنا ہوگا کیونکہ ہم صحتیاب ہونے والے افراد کو زبردستی عطیہ کیلئے مجبور نہیں کرسکتے ‘‘۔ڈاکٹر نوید نذیر نے بتایا ’’ اُمید ہے کہ آئندہ آنے والے 20دنوں کے اندراندر کشمیر میںپلازما تھرپی کا آغاز ہوگا ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کے بعد ہی تھرپی کو آئی سی ایم آر سے منظور کرانے کیلئے درخواست دی جائے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں 9مارچ سے لیکر 6جولائی تک 8ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 138 افراد فوت ہوگئے ہیں۔