بارہمولہ //فیاض بخاری // بارہمولہ میں پولیس نے سوموار کو کورونا کرفیو کی خلاف ورزی کی پاداش میں ایک نجی کلینک میں ملاحظہ کرنے والی لیڈی ڈاکٹر کے خلاف کیس درج کر کے کلینک کو سیل کردیا۔پولیس عہدیدارکے مطابق گوکھہامہ کنزر ٹنگمرگ میں کورونا کرفیو کے دوران ٹراما اسپتال پٹن میں تعینات ایک لیڈی ڈاکٹر کو ایک نجی میڈیکل سنٹرمیں مریضوں کا ملاحظہ کرتے پایا گیا۔ اہلکار کے مطابق ڈاکٹر موصوفہ مریضوں اور تیمارداروں کے بے حد رش میں کلینک میں نجی پریکٹس کررہی تھیں،جس کے بعد کلینک کو سیل کرکے مذکورہ لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے ضلع میں اسی طرح کی دیگر کاروائیوں میں بارہمولہ ، بونیار ، ٹنگمرگ ، پٹن ، کنزر ، پولیس پوسٹ کنگم ڈورہ اور کمل کوٹ میں چھ مقدمات درج کیے۔ ضلع بھر کے مختلف راستوں پر معمول کا کاروبار کرنے اور غیرضروری طور گاڑیاں چلانے کے الزام میں 62 افراد سے کووِڈ کی لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے اورایک ٹپرسمیت چھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔