مہور//ریاسی ضلع کے تحصیل چسانہ کے چانہ نیوسی کے رہائشی مختیار احمد وانی کی منگل کے روز ایک سڑک حادثہ میں موت واقع ہوگئی تھی اور ان کی اچانک رحلت پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔مختیار وانی اپنے دفتر کے کام کیلئے چسانہ ہیڈکوارٹر کی طرف جارہے تھے کہ ہیڈکوارٹر کے نزدیک پہنچنے سے پہلے ہی ان کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کی وجہ سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔علاقے کے ہونہار استاد اور پرنسپل مختیار وانی کی حادثہ کی خبر پورے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ہر طرف سے آہ وبکاہ کا عالم تھا اور پورے ضلع میں ان کے جاننے والے سکتے میں آگئے۔ مختیار وانی کی موت پر درجنوں سیاسی،سماجی، مذہبی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کیا اور ان کیلئے اللہ رب العالمین سے دعائے مغفرت کی گئی ۔ان کی موت پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں،ڈسٹرکٹ جج کرگل لداخ محمد رفیق چک،چیف ایجوکیشن آفیسر ریاسی،ضلع کی ہائر سکنڈری اسکولوں کے عملہ نے کافی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم مختیار وانی کی خدمات کو یاد کیا اور ان کے لئے دعاے مغفرت کی گئی۔اسی طرح سے جموں،کشمیر،راجوری،پونچھ،ڈوڈہ،کشتواڑ،رام بن،ریاسی سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ مرحوم کے گھر پہنچے اور تعزیت کا اظہار کیا۔مرحوم مختیار وانی ایڈیشنل سیکریٹری ٹرانسپورٹ راج محمد ملک،ایس پی مجیب رحمان بٹ،ڈی ایس پی محمد امین بٹ،پی ڈی پی کے سٹیٹ سیکریٹری شفیق الرحمان بٹ،سینئر ایڈوکیٹ عبدالغنی بٹ اور نوجوان صحافی زاہد ملک کے قریبی رشتہ دار تھے۔