بارہمولہ/ /پرنسپل سیکریٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا نے ڈائریکٹر یوایل بی اور دیگر سینئر اَفسران کے ہمراہ بارہمولہ کا دورہ کیا اور وہاں انہوںنے ضلع کے شہری علاقوں کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، اے ڈی ڈی سی ، جے ڈی پی ، اے ڈی سی ، پی آر آئی ، ایم سی کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران ، ضلع اور سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کو ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے شہری علاقوں سے وابستہ متعدد ترقیاتی پہلوئوں کی صورتحال اور پوزیشن کے بارے میں جانکار ی دی۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف پروگراموں اور سکیموں کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس بات پر زور دیا کہ تمام اہل مستحقین کو مختلف فلاحی منصوبوں میں شامل کیا جائے جس میں پردھان منتری آواس یوجنا (یو) ،خوانچہ فروشوں کے لئے سوشل سیکورٹی سکیمیں اور غیر رسمی شعبے میں کام کرنے والے دیگر شامل ہیں۔ انہوںنے 15 ؍جون 2021 ء تک ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان منصوبوں پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے۔