پردیش کا نگریس کمیٹی کا مڑھ میں یک روزہ کنونشن

جموں //پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے اسمبلی حلقہ مڑھ کے سنگرام علا قہ میں یک روزہ کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی لیڈران و کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پر دیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی مرکزی حکومت ریاستی صوتحال کو قابو کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت کے دور میں ریاستی عوام تمام طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو ئی جبکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں کی ناکامی کی وجہ سے کشمیر میں سیکورٹی صورتحال بھی مزید خراب ہو ئی ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا نے 2014کے انتخابات کے دوران تعمیر و ترقی ،بے روز گاری کو ختم کر نے ،عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے نام پر ووٹ حاصل کئے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان دونو ں سیاسی پارٹیوں نے عوامی مسائل کی طرف توجہ ہی نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی او بھاجپا کی سابقہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے اس وقت عارضی ملازمین کے علا وہ عام لوگ بھی احتجاج کر نے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت دیہی علا قوں میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی ،سکولوں میں بنیادی سہولیات کی قلت کے علا وہ عوام کو راشن کی قلت ،پینے کا صاف پانی اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے۔غلام احمد میر نے کانگریس پارٹی کو ایک سیکولر جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخابات میں پارٹی فرقہ پرستوں کو شکست دے کر عوام کو ایک سیکولر حکومت فراہم کرے گی ۔اپنے خطاب میں سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے کہاکہ بھاجپا نے اپنی مفاد پرست سیاست کی وجہ سے جموں خطہ کی عوام کو پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔لیڈران نے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے زمینی سطح پر کام کریں ۔اس کنونشن میں پارٹی کے ریاستی نائب صدر مولہ رام ،رمن بھلہ ،ترجمان رویندر شرما ،ٹھا کر منمو ہن سنگھ ،راجیش سلاریہ ،ہری سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔