پرائیویٹ سکول سالانہ فیس کی وصولیابی سے باز رہیں

سرینگر// جموں کشمیر میں نجی اسکولوں کیلئے فیس مقرر کرنے والی کمیٹی نے دھوکہ دہی سے سالانہ فیس کی وصولیابی کی شکایات کاسنگین نوٹس لیتے ہوئے پرائیویٹ سکولوں کو یہ فیس وصولنے سے باز رہنے کی ہدایت دی ہے۔کمیٹی چیئرپرسن مظفر حسین عطار نے آرڈریر نمبر 71 جاری کیا ہے جس میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ کمیٹی کو’’ والدین ایسو سی ایشن آف پرائیویٹ سکولز کشمیر‘‘(پاپا) کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پرائیویٹ سکو ل دھوکہ دہی سے والدین سے سالانہ فیس وصول کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کو فیس متعین کرنے والی کمیٹی کا حکم نامہ دکھاکریہ کہاجاتاہے کہ اب ہمارے سکول کیلئے کمیٹی نے سالانہ فیس مقرر کردیا ہے اسلئے انہیں موجودہ سیشن اور سابقہ تعلیمی سیشن کا سالانہ فیس وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جسٹس عطارنے کہا ہے کہ کمیٹی قانونی اختیارات کے تحت سکولوں کا فیس مقرر کررہی ہے اوراس حوالے سے ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ سالانہ فیس بھی مقرر کیا جاتاہے۔ انہو ں نے کہا ہے کہ چنانچہ سکول کویڈ کی وباء کے باعث ابھی بھی بند ہیں اسلئے سکول کھلنے تک انہیں سرکاری اور فیس مقرر کرنے والی کمیٹی کے احکامات کے تحت ہی فیس وصول کرناہوگا۔انہو ںنے حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر نمبر 1Edu of 2020 محررہ 14مئی 2020کاحوالہ دیا ہے جس میںسکولوں کوصرف ٹیوشن فیس لینے کی اجازت دی گئی ہے البتہ سالانہ فیس کے متعلق واضح طور پر کہاگیا ہے کہ وہ صرف سکول کھلنے پر ہی ماہانہ طور پر یہ فیس وصول کرسکتے ہیں ۔ جسٹس(ر) مظفر حسین عطار نے کہا ہے کہ فیس متعین کرنے والی کمیٹی نے 18مارچ 2021کو ایک قرارداد منظور کی جس میں سرکاری سرکیولر کی توثیق کی گئی ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا ہے کہ مذکورہ سرکیولر ابھی بھی لاگو ہے اور تب تک لاگو رہے گا جب تک سکول دوبارہ کھلیں گے ۔ انہو ںنے کہا ہے کہ فیس مقرر کرنے والی کمیٹی ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ سالانہ فیس بھی مقرر کر رہی ہے لیکن اس کایہ مقصد نہیں ہے کہ سکول حکام کو سالانہ فیس وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔جسٹس عطار نے کہا ہے کہ یہ وضاحت اسلے ضروری بن گئی ہے کیونکہ کمیٹی کو شکایات موصول ہورہی ہیں کہ کچھ والدین کوفیس کمیٹی کا آڈر دکھا کر سالانہ فیس اداکرنے کے لئے مجبور کیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ سکول کھلنے کے بعد ہی پرائیویٹ سکول حکام کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ سالانہ فیس وصول کرنے کے مجاز ہونگے۔ جسٹس(ر)  عطار نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام سکول حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ سالانہ فیس سرکاری سرکیولرکے مطابق ہی فیس وصول کرسکتے ہیںجس کا مطلب یہ ہے کہ سکول کھلنے کے بعد وہ ماہانہ بنیادوں پر ہی یہ فیس وصول کرسکتے ہیں ۔