رام بن//وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آج پتنی ٹاپ میں آل انڈیا ریڈیو کے 10کے ڈبلیو ایف ایم ٹرانسمیٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر ایم ایل اے رام بن نیلم کمار لنگے ، ڈائریکٹر جنرل آل انڈیا ریڈیو فیاض شہریار ، ڈی آئی جی، ڈی کے آر رفیق الحسن ، ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ ، ایس ایس پی رام بن انیتا شرما، ڈپٹی ڈائریکٹر آر این یو جموں نیہا جلالی اور دیگر عہدہ دار موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ایف ایم ٹرانسمیٹر کو لوگوں کے نام وقف کرنے سے اس دور دراز علاقے میں رہنے والے لوگوں بشمول رام بن ، ڈوڈہ ، اودھمپور اور جموں کے باشندوں کو مؤثر انداز میں اطلاعات فراہم ہوں گی۔انہوںنے کہا کہ یہ یہاں لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی اور اس سے پہلے یہاں کے لوگ سرحد پار کی نشریات سننے پر مجبو ر ہوجاتے تھے ۔ لوگوں کی اُمید یں پورا کرنے کے لئے آل انڈیا ریڈیو کی سراہنا کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو سرحد پار سے پھیلائی جانے والی نفرت اور غلط رِپورٹوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکتا ہے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ آج اس دور میں بھی آل انڈیا ریڈیو کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے ذریعے لوگوں تک مستند اور صحیح اطلاعات و معلومات پہنچائی جاتی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے ریڈیو کو تفریح اور معلومات کا ایک بنیادی ذریعہ قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ ریڈیو کے توسط سے لوگوں کی ایک بڑی آبادی تک پہنچا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ریڈیو کی نشریات اور استعمال میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔انہوںنے ریڈیو سے نشر کئے جانے والے کئی پروگراموں کی مثال بھی پیش کی۔ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پبلک براڈکاسٹر کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ایف ایم ٹرانسمیٹر لوگوں کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرے گاجس کی مدد سے اس عمل میں مزید بہتری آئے گی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاست کے اس دُور دراز اور پہاڑی خطے میں رہنے والے لوگ اب ایف ایم ٹرانسمیٹر پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ’من کی بات‘ بھی سن سکیں گے ۔ایف ایم ٹرانسمیٹر کی تنصیب پر لوگوں کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ایم ایل اے رام بن نے کہا کہ یہ ایک تاریخی قدم ہے اور اس ضلع کے دور دراز علاقے بھی اب باقی علاقوں کے ساتھ جُڑ جائیں گے۔اس سے قبل اپنے خطاب میں آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل فیا ض شہر یار نے کہا کہ پتنی ٹاپ میں 10کے ڈبلیو ایف ایم ٹرانسمیٹر کو نصب کرنا ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی جانب ایک تاریخی پہل ہے۔انہوں نے مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ٹرانسمیٹر کی تنصیب میںایک اہم رول ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ یہ پروجیکٹ بارہویں پانچ سالہ پلان کے تحت عملایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال سے آخرتک اودھمپور میںبھی ریڈیو سٹیشن عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔10کے ڈبلیو ٹرانسمیٹر کے پروگرام ہوائی اعتبار سے 60کلومیٹر کے دائرے میں سنے جاسکیں گے۔اس سٹیشن کے پروگرام 101 میگاہارٹز پر دستیاب ہوں گے۔فیاض شہر یار نے کہا کہ شروعات میں اس سٹیشن سے جن میں 18گھنٹے اے آئی آر جموں اور وویدھ بھارتی کے پروگرام نشر کئے جائیں گے اور عنقریب اس کی سگنل ڈیجیٹل بنائی جائے گی۔ فیاض شہریار نے کہا کہ دُور درشن کا ہائی پاور ٹرانسمیشن عنقریب عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔