جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی سبارڈی نیٹ لیجسلیشن کمیٹی کی ایک تعارفی میٹنگ ایم ایل سی اشوک کھجوریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے کام کاج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ نریش کمار گپتا، ڈاکٹر شہناز گنائی، محمد مظفر پرے، یش پال شرما اور وکرم رندھاوا نے میٹنگ میںش رکت کی۔اس موقعہ پر چیئرمین نے کمیٹی کے کام کاج میں بہتری لانے اور اسے نتیجہ خیز بنانے کے لئے ارکان کا تعاون طلب کیا۔کمیٹی نے کونسل سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسروں سے کہا کہ وہ پبلک سروس کمیشن کو اگلی میٹنگ کے دوران لازمی ریکارڈ سمیت طلب کریں۔ کمیٹی نے ایس آر او64 اور43 جن کا واسطہ کئی ڈیلی ویجروں کے ساتھ ہے، پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے کونسل سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ وہ جسمانی طور ناخیز افراد کو مختلف مراعات سے متعلق لازمی ریکارڈ بھی سماج بہبود محکمہ سے طلب کریں۔میٹنگ میں دیگر لوگوں کے علاوہ سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی کے علاوہ قانون ساز کونسل کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔