پاک بھارت کشیدگی خطے میں قیام امن کیلئے خطرہ:چین

سرینگر//پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ڑی سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران پلوامہ واقعہ کے بعد امن و امان کی صورتحال اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی نے قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی کشیدگی پورے خطے میں امن و امان کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی  خدمات کا معترف ہے کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کی طرف سے تعاون پر چینی وزیرخارجہ وانگ ڑی کا شکریہ ادا کیا۔