شارجہ/شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے۔چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر بریتھ ویٹ اور شین ڈوروچ کریز پر موجود تھے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بریتھ ویٹ اور شین ڈوروچ نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 39 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں تین اور وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آو¿ٹ کیا۔اس سے قبل پہلی اننگز میں 56 رنز کے خسارے میں جانے والی پاکستانی ٹیم کھیل کے چوتھے دن دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گئی تھی۔پاکستان کی دوسری اننگز میں اظہر علی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔بدھ کو آو¿ٹ ہونے پہلے پاکستانی کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو 42 رنز بنانے کے بعد بشو کی گیند پر کیچ ہوئے۔انھوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی۔ان کی جگہ آنے والے محمد نواز 19 رنز بنا سکے اور بشو کی اس میچ میں دوسری وکٹ بنے۔بشو نے ہی اظہر علی کو بھی آو¿ٹ کیا جو نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 91 بنانے کے بعد براوو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جبکہ محمد عامر رن آو¿ٹ ہوئے۔وہاب ریاض ویسٹ انڈیز کپتان جیسن ہولڈر کی چوتھی وکٹ بنے جب انھوں نے ایک رن بنا کر ہولڈر کو کیچ دے دیا۔ ہولڈر نے ہی یاسر شاہ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے پانچ، بشو نے تین اور روسٹن چیز نے ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 56 رنز کی برتری ختم کرنے سے پہلے ہی پاکستان کی چار وکٹیں گر چکی تھی۔دوسری اننگز میں سمیع اسلم 17، کپتان مصباح الحق چار جب کہ یونس خان اور اسد شفیق بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گئی تھی اور 13 ٹیسٹ میچوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنی حریف ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات کریگ بریتھ ویٹ کی شاندار سنچری تھی۔ وہ 142رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے لیے اننگز کے آغاز سے اختتام تک ناٹ آو¿ٹ رہنے والے پانچویں ویسٹ انڈین اوپنر بھی بن گئے۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض پانچ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد عامر نے تین جب کہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔