جموں//پاکستان کی طرف سے ہتھیار پھینکنے کیلئے چینی ساخت کے ڈرون استعمال کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے سرحد پر نگرانی کے عمل کو الرٹ کردیاہے۔بی ایس ایف عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ سال بھر چوکسی کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے تاہم انہیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ پاکستان ڈرون کااستعمال کرسکتا ہے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) بی ایس ایف جموں فرنٹیر این ایس جموال نے کہا کہ انہوں نے اپنے اہلکاروں کو ڈرون دیکھنے اور انہیں گولی مار کرنے کی تربیت دی ہے۔جموال نے کہا کہ بی ایس ایف ملک دشمن عناصر کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے ،چاہے وہ بم لے جانے کے لئے ڈرون استعمال کرنے کی کوشش ہو۔ان کاکہناتھا’’یہ ممکن ہے کہ پاکستان بم لے جانے اور انہیں ہماری طرف چھوڑنے کے لئے چینی ڈرون استعمال کرے تاہم وہ اس کیلئے تیار ہیں‘‘۔انہوں نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے حال ہی میں کٹھوعہ میں بی ایس ایف کے ذریعہ فائرنگ کرنے والے ایک پاکستانی ڈرون کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔