نیو یارک //اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ اس عالمی تنظیم کی ثالثی کی مخالفت کی۔ ایک بیان میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کشمیر ایسا معاملہ ہے جس کا عالمی تنظیم مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔آنٹونیو گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفین ڈوجارک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اسٹیفین ڈوجارک کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک ہفتہ قبل بھی اس کی بات کی تھی، جبکہ تمام متعلقہ حکام کو معصوم شہریوں کی حفاظت کی ضرورت کے حوالے سے باور کروایا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان اور بھارت کے پاس ’اقوامِ متحدہ کا اچھا دفتر‘ موجود ہے۔اسٹیفین ڈوجارک نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ سے رجوع کیا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ اس عالمی تنظیم کی ثالثی کی مخالفت کی۔