راول پنڈی//تیز گیند باز حسن علی (60رن پر پانچ وکٹ) اور شاہین آفریدی (51رن پر چار وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پانچویں اور آخری دن پیر کو 95رن سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کو 2-0سے کلین سویپ کرلیا۔پاکستان کو اس سیریز جیت سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 120پوائنٹ ملے ۔پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں 298رن بناکر جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لئے 370رن کا ہدف رکھا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ہدفت کا تعاقب کرتے ہوئے پانچویں دن ایک وکٹ پر 127رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی دوسری اننگز 91.4اوور میں 274رن پر سمٹ گئی۔ سلامی بلے باز ایڈ مارکم (108 رن) کی شاندار سنچری بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہیں بچا سکی۔دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حسن علی نے 16اوور میں 60رن پر پانچ وکٹ، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی نے 21اوور میں 51رن پر چار وکٹ اور لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 23.4اوور میں 56رن پر ایک وکٹ لیکر پاکستان کو شاندار فتح دلائی۔جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127رن سے آگے کھیلنا شروع کا اور محسو س ہورہا تھا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کی بنگلہ دیش کے خلاف 395 رن کاہدف حاصل کرنے کی جیت سے ترغیب لیگی لیکن مارکرم او ر تیمبا باووما کو چھوڑ کر دیگر کوئی بلے باز وکٹ پر ٹک نہیں سکا۔ مارکر م نے 243گیندوں پر 13چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 108 رن بنائے ۔ مارکرم ٹیم کے 241کے اسکور پر تیسرے بلے باز کے طورپر آوٹ ہوئے اور ان کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔باووما نے 125گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 61رن بنائے ۔ ریسی وان ڈیر ڈوسین نے 97گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 48رن بنائے ۔ ویان مولڈر نے 40گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 20رن کی مدد کی۔مارکرم نے 59رن اورریسی وان ڈیر ڈوسین نے 48رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ وان ڈیر اپنے کل کے اسکور پر ہی آوٹ ہوگئے ۔ فاف ڈو پلیسس پانچ رن بناکر 134رن کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ مارکرم نے باووما کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 107رن کی شراکت کی۔ اس شراکت کے وقت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقابلے میں نظر آرہی تھی لیکن حسن علی نے جیسے ہی مارکرم کو آوٹ کیا جنوبی افریقہ کی اننگز کو سمٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔جنوبی افریقہ نے اپنے آخری سات وکٹ 33رن جوڑکر گنوائے اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ نے پہلا ٹیسٹ سات وکٹ سے گنوایا تھا۔پاکستان نے اس طرح 2003کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی سیریز جیت حاصل کی۔ حسن علی نے میچ میں مجموعی طورپر دس وکٹ لئے اور انہیں پلیئر آف دی میچ اعلان کیا تھا۔ محمد رضوان کو پلیئر آف دی سیریز کا انعام ملا۔