اسلام آباد//یو این آئی//تازہ ترین آبادیاتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں شہریوں کی اوسط عمر 65.4 برس سے کم ہو کر 65 سال ہو گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیموگرافک سروے 2020 کے اعدادوشمار میں بچوں کی اموات کی شرح، کُل اور عمومی شرح افزائش، پیدائش اور اموات کی شرح اور قدرتی اضافے کی شرح شامل ہے ۔یہ ایک سلسلہ وار سروے کا 20 واں حصہ ہے جس کا آغاز 1984 میں کیا گیا تھا اور آخری بار یہ سروے 13 برس قبل کیا گیا تھا۔ماہر شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر نے اس تازہ ترین سروے کے حوالے سے کہا کہ اس کے نتائج کا موازنہ پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 18-2017 اور پاکستان اسٹینڈرڈ آف لیونگ اسٹینڈرڈز سروے 19-2018 کے متعلقہ اشاریوں کے ساتھ کیا گیا اور ان کے نتائج لگ بھگ یکساں ہیں۔تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ اگرچہ مجموعی طور پر اوسط عمر میں کمی آئی ہے لیکن مردوں کی اوسط عمر 64.3 سے بڑھ کر 64.5 تک پہنچ گئی، جبکہ خواتین کی اوسط عمر 66.5 سے گر کر 65.5 ہوگئی تاہم اس کے باوجود یہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔ایک سے 4 سال کی عمر والے گروپ کی اوسط عمر بھی بڑھ کر 71.3 ہو گئی، جس میں مردوں کی اوسط عمر 70.6 اور خواتین کی 72 برس ہے ۔