اسلام آباد//پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ہفتہ علی الصبح ایک سڑک حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضوان عمر گونڈل نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ واقعہ صوبہ کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے رکن پور کے قریب سپر ہائی وے ایم-5 پر پیش آیا۔اہلکار نے بتایا کہ سپر ہائی وے پر ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ایک مسافر وین الٹ گئی، اسی دوران تیز رفتارایک مسافر گاڑی اور ایک جیپ نے اسے ٹکرماردی، جس سے 13 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور گشتی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔اسپتال حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔