یو این آئی
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پانی کے تحفظ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی سے ہی زندگی ہے، اسلئے تمام جانداروں کو پانی فراہم کرنے کیلئے پانی کے تحفظ کو ایک تحریک بنانا چاہئے۔ دروپدی مرمو نے منگل کے روز یہاں بھارت منڈپم میں تین روزہ آٹھویں انڈیا واٹر ویک کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے تحفظ کو نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں ایک تحریک بنانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے تمام متعلقین کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ ساتھ مل کر پانی کو بچانے کے نئے طریقے تلاش کرنے اور تمام روایتی طریقے اپنا کر پانی کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پانی کے تحفظ کی وزارت کی طرف سے کئے جارہے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے تحفظ کا بندوبست، اس کی ترقی اور فراہمی کو مزید موثر بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون، شمولیت اور شراکت کو فروغ دینے کے واسطے وزارت کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل تعریف ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ وزارت نے آبی مشن کے تحت تمام شہریوں کو صاف پانی تک رسائی کو یقینی بنایا ہے۔ یہ بات مزید خوش آئند ہے کہ ملک کے 78فیصد دیہی علاقوں کو پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں اور یہ پانی کی رسائی کے حوالے سے قابل ذکر کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ، بہتر انتظام، ترقی اور تقسیم کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے سب کی شمولیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے اور عوامی تحریک شروع کرنی چاہئے۔