گول//سنگلدان نیابت کی فمروٹ پنچایت کے لوگوں نے سنگلدان کے بازار میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ دو ماہ سے عوام گندہ پانی پی رہی ہے اور 15دن سے مکمل طور پر پانی بندہے اور لوگ بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ محکمہ پی ایچ ای اور مقامی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن کسی نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔لوگوں نے کئی گھنٹوں تک انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرے بازی کی اور ٹریفک کی آمد و رفت کو کئی گھنٹوں تک مسدود کرکے رکھا ۔ لوگوں نے 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر محکمہ پی ایچ ای نے عوامی مسائل حل نہیں کئے تو وہ ڈپٹی کمشنر رام بن کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ دار ی محکمہ اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔