جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم نے آج جموں اینڈ کشمیر پولیس کی کارکردگی کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے اسے ملک کے دیگر بہتر فورسوں میں سے ایک فورس قرار دیا جو انتہائی مشکل حالات میں ریاست کی حفاظت کیلئے اپنے فرایض انجام دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ بالخصوص اور ملکی سطح پر سارے عوام جموں کشمیر پولیس کی کارکردگی اور قربانیوں کیلئے فخر محسوس کرتے ہیں ۔گلشن گراؤنڈ میں منعقدہ پانچ روزہ پولیس انٹر زون سپورٹس میٹ 2018 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پولیس فورس کی مشکلات سے واقف ہے اور اُن کی بہبودی کیلئے موجودہ گورنر انتظامیہ نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پولیس عملے کی بہبودی کیلئے سفارشات پیش کرے گی ۔ نچلے درجے کے ملازمین کا حوصلہ بڑھانے کیلئے حکومت نے محکمہ پولیس میں 8 ہزار اعلیٰ عہدوں کی آسامیاں معرض وجود میں لائی ہیں تا کہ ان ملازمین کی ترقیوں کے امکانات روشن ہو سکیں اور پولیس عملے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس عملے کے کنبوں کیلئے ایک ہاوسنگ سکیم کا پہلے ہی اعلان کیا ہے اور فی الوقت جموں اور سرینگر میں دس ہزار ہاوسنگ یونٹ تعمیر کئے جائیں گے اور اُن پر کام بہت جلد شروع کیا جائے گا ۔ ان یونٹوں کو رعائتی نرخوں پر ضرورتمند پولیس عملے کے کنبوں کو فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس عملے کیلئے مناسب رسک الاؤنس کو منظور کرنے پر بھی غور کر رہی ہے جو پولیس عملہ مشکل حالات میں اپنے فرایض انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چند دنوں کے اندر اعلان کیا جائے گا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈی جی پی کی اُن کوششوں کو سراہا جن کے تحت بڑے پیمانے پر سپورٹس ایونٹ منعقد کروائے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کھیل کود کے ان مواقعوں کی بدولت پولیس محکمے میں کام کر رہے جوانوں کی جسمانی و ذہنی نشو و نما یقینی بنائی جا سکتی ہے اور اس کے علاوہ ان جوانوں میں موجود صلاحیتوں کو بھی نکھارنے کا موقعہ ملتا ہے تا کہ یہ جوان اپنے فرایض انتہائی شفافیت کے ساتھ انجام دے سکیں ۔