پلوامہ//پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پانپور میں قابل اعتراض بینر چسپاں کرنے او رترال میں جنگجوئوں کی مدد کرنے کے الزام میں 4نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ کریم آباد پلوامہ میں چھاپوں کے دوران 5 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ادھرپلہالن پٹن میں پولیس کی خصوصی ونگ(سی آئی کے) نے ایک ڈاکٹر کے مکان کی تلاشی لی۔جنوبی قصبہ اونتی پورہ میں پولیس نے50آر آرکی مدد سے 3نوجوانوںکی گرفتاری عمل میں لائی جو پولیس کے مطابق علاقے میں6ستمبر2020کو جنگجوئوں کے پوسٹر اوربینر چسپاں کئے گئے تھے اوراونتی پورہ پولیس نے مذکورہ بینر اورپوسٹروں کو ضبط کیا ۔جبکہ اس حوالے سے کیس زیر نمبر75/2020پولیس تھانہ پانپور میں درج کیا گیا ۔ پانپورپولیس نے تحقیقات کے دوران اس میں ملوث تین نوجوانوں کی نشاندہی کی اور ندیم احمد ڈاردرنگہ بل پانپور،ارشاد احمد صوفی تلہ باغ پانپور اورشاکر احمد ڈارجلال آباد سوپورکو گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں 2کمپوٹرسسٹم ،ایک پرنٹرکے علاوہ ساتھ دیگر سامان بھی ضبط کر لیا گیا ۔پولیس نے اس حوالے سے ایک پرنٹنگ ایڈواٹائزنگ ایجنسی کے خلاف بھی کیس درج کیا ہے ۔ادھر رٹھسونہ ترال میں پولیس نے جنگجوئوں کی مدد کرنے کے الزام میںعادل احمد حجام کو حراست میں لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جنگجوئوں کو پناہ دے رہا تھا۔دریں اثناء پولیس و فورسز نے کریم آباد پلوامہ میں چھاپوں کے دوران بلال احمد وانی ولد غلام نبی وانی ،مشتاق احمد بٹ،عمر مشتاق بٹ،شبیر رجب بٹ اور عابد ایوب میر کو گرفتارکرلیا ۔انکی گرفتار ی کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ادھرپولیس کی خصوصی تفتیشی ونگ (سی آئی کے) نے رائی پورہ پلہالن پٹن میں ڈاکٹر حکیم غلام محی الدین کے مکان پر چھاپہ مارکر وہاں تلاشیاں لیں۔ حکیم غلام محی الدین پیشے سے ایک ڈاکٹر ہیں اور اس کا بیٹا علاقے میں ایک میڈکل شاپ چلارہا ہے۔ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے اس چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مکان سے کوئی قابلہ اعتراض چیز برآمد نہ ہونے کے بعد محاصرہ ختم کرلیا گیا۔