سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے کل نئے پارمپورہ بس اسٹینڈ کا معائنہ کرکے عدالت عالیہ کے حکمنامے کے تحت بٹہ مالو بس اسٹینڈ کو منتقل کرنے سے متاثر ہوئے دکانداروں کی باز آبادکاری کاجائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ترقیاتی کمشنر سرینگر ،سپر انٹنڈنٹ انجینئر تعمیرات عامہ،ایگزیکٹیو انجینئر ،ایس ایم سی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ایس آر ٹی سی اورایس پی ٹریفک کے علاوہ ایس ڈی اے کے آفیسران اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ نئے پارمپورہ بس اسٹینڈ کے لئے 71کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جب کہ 34کنال اراضی بٹہ مالو بس اسٹینڈ کے متاثرہ دکانداروں اورتاجروں کی باز آبادکاری کے لئے مخصوص رکھی گئی ہے۔صوبائی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ کو با ز آبادکاری اقدامات کے سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر اندر ڈی پی آر تیار کرنے اوراسے صوبائی کمشنر کے دفتر بھیجنے کی ہدایت دی تاکہ باز آبادکاری کا ایک جامع منصوبہ فوری طور تیار کرکے متاثرہ دکانداروں اور تاجروں کی باز آبادکاری کی جاسکے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ اس جامع باز آبادکاری کے منصوبے کے تحت بٹہ مالو بس اسٹینڈ میں جو دکاندار اور تاجر متاثر ہوگئے ہیں اُن کی نئے پارمپورہ ،بس اسٹینڈ میں مناسب طریقے سے باز آبادکار ی کی جائے گی۔
پارمپورہ بس سٹینڈ کیلئے اراضی کی نشاندہی
