آتم نربھر بھارت ابھیان،ٹیکہ کاری،جل جیون مشن،ڈیجیٹل لین دین اور لاک ڈائون میں مفت اناج کی تقسیم قابل ستائش
نئی دہلی //یو این آئی//صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اس مہینے کی 26تاریخ کو کسانوں کے مظاہرے کے دوران قومی پرچم اور یوم جمہوریہ کی بے حرمتی کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ بجٹ اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ اجلاس میں لائے گئے تین زرعی قوانین کا مقصد ملک کے کسانوں کی اور زیادہ مدد کرنا ہے کیونکہ ان کے تحت کسانوں کو اور بھی زیادہ حقوق اور اختیارات سوپنے گئے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ زرعی قوانین پر عمل درآمد کو سپریم کورٹ نے روک دیا ہے اور حکومت سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کا احترام کر ے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت نے ملک میں کسانوں کی حالت بہتر کرنے کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں جن میں زراعت سے متعلق سوامی ناتھن رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد بھی شامل ہے۔کووند نے چھوٹی صنعتوں کو معیشت کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہ ملک کو خود کفیل بنانے کی صلاحیت ان صنعتوں کے پاس ہے ۔ انہوں حکومت نے ‘آتم نربھر بھارت ابھیان’ میں چھوٹی صنعتوں کا کردار بڑھانے کے لیے بھی کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔صدر جمہوریہ نے کووڈ -19 وبا کے درمیان ہندوستان کے کردار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وندے بھارت مشن کے تحت غیر ملکوں میں پھنسے 51 لوگوں کو اپنے وطن پہنچایا گیا ہے اور اب ہندوستان کورونا کی ویکسین کو عالمی سطح پر مہیا کرائے گا۔’صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے تاریخی عالمی حمایت حاصل کرکے اس سال آٹھویں بار ایک عارضی رکن کے طورپر سلامتی کونسل میں داخلہ بھی لیا ہے ۔ ہندوستان نے 2021 کے لئے برکس میں صدر کا عہد بھی حاصل کیا ہے ۔کووند نے کہا کہ ‘جل جیون مشن’ کے تحت حکومت ہر گھر تک پائپ لائن سے پانی پہنچانے کے اہم منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔
اجلاس کے پہلے دن ہی لوک سبھامیں ہنگامہ
پارلیمنٹ احاطے میں کانگریس کا دھرنا
نئی دہلی/یو این آئی /لوک سبھا میں بجٹ اجلاس کے پہلے دن کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیون کے ارکان نے کسانوں کے معاملے پر زبردست ہنگامہ کیااور ایوان کے وسط میں آکر وزیراعظم نریندرمودی سے زراعت سے متعلق تینون قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھا کے نئے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ کا تعارف کرایا۔مسٹر برلانے جیسے ہی وزیرخزانہ نرملاسیتارمن سے اقتصادی سروے 2021پیش کرنے کو کہاتو کانگریس سمیت اپوزیشن کے کئی ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا اور حکومت سے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آکر نعرہ بازی کرنے لگے ۔ہنگامہ کے درمیان مسٹر برلا نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی ۔بعد میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے ارکان نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں نئی جگہ پر نصب کیے گئے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دیا اور نعرہ بازی کرتے ہوئے تینوں زرعی قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا۔