پارلیمانی اِنتخابات کیلئے تیاریوں کا جائزہ

 کٹھوعہ//ادہم پور پارلیمانی حلقے کے ریٹرننگ افسر روہت کھجوریہ نے ایک میٹنگ میں اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کے ساتھ پارلیمانی اِنتخابات 2019 ء کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران اُنہیں بتایا گیا کہ کشتواڑ ،ڈوڈہ ،رام بن ، ریاسی ، اودھمپور اور کٹھوعہ اضلاع کے لئے 19؍ مارچ 2019ء کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 26؍ مارچ نامزد گی داخل کرنے کا آخری دِن ہوگا۔ کاغذات کی جانچ 27مارچ2019ء کو ہوگی اور اُمیدوار 29مارچ2019ء تک اپنے نام واپس لے سکتے ہیں ۔ اِس حلقے کے لئے 18؍ اپریل2019 ء کو ووٹنگ ہوگی۔میٹنگ کے دوران تمام اے آر اوز کو اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں مطلع کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ چناوی ریلیوں کے لئے پیشگی اِجازت لازمی ہوگی اور میٹنگوں کے لئے لائوڈ سپیکر استعمال کرنے کے لئے بھی اِجازت طلب کرنی ہوگی جبکہ اِنتخابی مہمات کے دوران موبائیل لائوڈ سپیکر کی اِجازت نہیں ہوگی۔میٹنگ میں دیگر متعلقہ امورپربھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔بعد میں الیکشن ایکسپنڈیچر مونیٹرنگ کمیٹی کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں حلقے کے تمام اے آر  اوز ، اے ڈی سی گنشیام سنگھ ، ڈپٹی ڈی ای او اَشونی کمار ، پی او  ڈی آر ڈی اے امرجیوتی رینہ اور الیکشن نائب تحصیلدار نے بھی شرکت کی۔