جموں //بھاجپا کی ریاستی اکائی نے کہاکہ ہے کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات 2019کے سلسلہ میں ریاست کے چھ پارلیمانی حلقوں سے پارٹی امید واروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں ریاستی اکائی کی جانب سے جلد ہی نئی دہلی میں قائم پارٹی کی پارلیمنٹری باڈی کو فہرست سونپ دی جائے گی ۔پارلیمانی انتخابات میں شرکت کےلئے پارٹی کے امید واروں کے ناموں پر غور کر نے کےلئے بھاجپا کی سٹیٹ الیکشن کمیٹی کا ایک اجلاس پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج اونیاش رائے کھنہ کی قیادت میں منعقد ہو ا ۔جس کے دوران منتخب شدہ ناموں کی کارکردگی و یگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اجلاس کے دوران رضا کارانہ طورپر طے کیا گیا کہ بھاجپا اکائی کے ریاستی صدر رویندر رینہ ،سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا ،اور ریاستی جنرل سیکرٹری اشو ک کول ریاستی امور کے انچارج اونیاش رائے کھنہ کی قیادت میں امید واروں کی فہرست پارٹی کی مرکزی پارلیمنٹری باڈی کے سامنے پیش کرینگے ۔اس موقعہ پربولتے ہوئے اونیاش رائے کھنہ نے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کر تے ہوئے 400سے زائد سیٹیں حاصل کرئے گی ۔اس اجلاس میں پارٹی کی جانب سے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ ،پارٹی کے ریاستی صدر رویندر رینہ ،ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔