جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ نے پارٹی سنیئر لیڈران و کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں سیکولر طاقتوں کو مضبوط کرنے کیلئے ریاستی عوام کو بیدار کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پنتھرز پارٹی ریاست میں ایک سیکولر جماعت ہے جوکہ سماج میں اتحاد اور یکجہتی کیلئے ہمیشہ کام کرتی آئی ہے ۔جموں میں پارٹی سنیئر لیڈران اور ضلع اکائی کے کارکنوں کیساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ عوام پارلیمانی انتخابات میں سماج کی بہترین اور تعمیر و ترقی کیلئے سیکولر طاقتوں کو مزید مضبو ط کریں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہو ئے کہاکہ ریاست کے چھ پارلیمانی حلقوں میں جمہوری نظام کو قائم کرنے کیلئے محنت سے کام کیاجائے ۔اس اجلاس کے دوران پارٹی لیڈران نے پروفیسر بھیم سنگھ کو جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے انتخابی میدان میں آنے کی اپیل کی تاکہ سانبہ ،آر ایس پورہ ،جموں ،اکھنوار ،سندر بنی ،کالا کوٹ ،راجوری اور پونچھ کی عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کر نے میں مدد مل سکے ۔اس اجلاس میں پی کے گنجو ،مسعود اندرابی ،ایڈوکیٹ بنسی لعل شرما ،انتیا ٹھا کر ،شنکر سنگھ ،ودیگران بھی موجود تھے ۔