سری نگر//یو این آئی// سری نگر کے پائین شہر میں اتوار کی شام ہوئے گرنیڈ حملے کے بعد سیکورٹی کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ پائین شہر کے نوہٹہ، راجوری کدل ، صراف کدل ، بہوری کدل ، حول ، گوجوارہ ، صفا کدل ، عید گاہ ، نوا کدل ، نوا بازار اور خانیار میں سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ بڑھائی گئی ہے ۔جمعے کے روز خواجہ بازار نوہٹہ میں پریشر کوکر میں نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے دو روز بعد ہی پائین شہر کے حساس علاقے صراف کدل میں اتوار کی شام کو سیکورٹی فورسز پر گرنیڈ حملہ کیا گیا جس کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پائین شہر میں رات کا گشت تیز کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق صراف کدل میں ہوئے گرنیڈ حملے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔دریں اثنا یوم جمہوریہ کے پیش نظر پورے شہر میں سیکورٹی فورسزکی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر مسافروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیںجبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔بتادیں کہ اتوار کی شام کو جنگجووں نے صراف کدل سری نگر میں پیرا ملٹری فورسز کیمپ پر گرنیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں شاہراہ پر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل اور ایک عام شہری زخمی ہوئے تھے ۔
پائین شہر میں گرنیڈ حملے کے بعد فورسز کو چوکس رہنے کی ہدایت
