سرینگر// پائین شہرمیں بجلی بریک ڈاون جاری ہے اور شدت کی سردی میں بار بار بجلی کاٹنے کے عمل سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔پائین شہر کے بیشتر علاقوں کے لوگوں نے شکایت کی کہ سردی کی لہر میں اضافہ کے بیچ بجلی کی بار بار کٹوتی سے عام لوگ پریشان ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی سپلائی میں اعلان شدہ شیڈول سے بھی زیادہ کٹوتی اور آنکھ مچولی سے سر شام ہی ہرسو اندھیرا چھا جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بجلی کا جو برا حال ہے۔ اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ شدت کی سردی کے بیچ بجلی کا بار بار منقطع رہنا پائین شہر کے عوام کے لئے درد سر بن گیا ہے ۔ لوگوںنے محکمہ بجلی کے خلاف شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں کارخانہ داروں ، کاری گروں اور دیگر افراد بھی دن بھر بے کار ہوگئے کیوں کہ ان کا روزگار صرف بجلی کی وجہ سے ہی چلتا ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر خاص میں بار بار کی بجلی کٹوتی کو بند کریں اور کٹوتی شیڈول کے مطابق ہی بجلی منقطع رکھیں تاکہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی محکمہ آج سے دس برس جہاں پر تھا آج بھی اسی نہج پر ہے اس میں کوئی بھی بدلائو نہیں آیا ہے ۔شہر خاص کے رعناواری ، نوہٹہ، خانیار، بہوری کدل، راجوری کدل، گوجورارہ اور دیگر علاقوں میں کٹوتی شیڈول کے باوجود بھی بار بار بجلی آنے اور جانے کا سلسلہ جاری ہے جس پر صارفین نے محکمہ بجلی کے خلاف اپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف سرکار شہر سرینگر کو ماڈل شہر بنانے کا راگ الاپتی ہے تو دوسر ی طرف شہری آبادی کو بجلی سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ پائین شہر کے تاجروں اور صارفین نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صارفین کو معقول بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف لوگوں کو پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے اوردوسری طرف شدید سردی ہے اور اس کے باوجود بھی بجلی کا بار بار بریک ڈائون ہورہا ہے۔