کپوارہ//کپوارہ قصبہ سے 4کلو میٹر دو ر پائر پورہ ہایہامہ میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف لوگو ں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔علاقے کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کا نظام ناقص ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی قلت اور ٹرانسپورٹ سروس کی عدم دستیابی کے نتیجے میںانہیں کئی مسائل و مشکلات درپیش ہیں ۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ موسم سرما شروع ہونے سے قبل ہی علاقے میں بجلی کا کٹوتی شیڈول کسی عذاب سے کم نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ معمولی ہوائو ں اور بارشو ں کے دوران ترسیلی لائنو ں میں کوئی نہ کوئی مسئلہ درپیش آتا ہے اور پورا علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نا قص نظام کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ترسیلی لائینیں درختو ں سے لٹکائی ہوئی ہیںاور بوسیدہ بجلی کھمبوں کی جگہ نئے کھمبے نصب نہیں کئے جارہے ہیں ۔مقامی آبادی کے مطابق انہیں ٹرانسپورٹ سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے اورلوگو ں کو آمدورفت کے معاملے میںزبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سومو سروس کا حال بھی کچھ مختلف نہیں ہے ۔کپوارہ سے پائرپورہ تک مسافروں سے پورا کرایہ وصول کیا جاتا ہے لیکن ڈرائیور حضرات کبھی مقررہ منزل کے بجائے ایک کلو میٹر پیچھے ہی اپنی سومو گاڑیوں سے چھوڑدیتے ہیں ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مسافروں کودن بھر گاڑیوں کا منتظر رہنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے تجارت پیشہ لوگو ں ،ملازموں ،طلبہ اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں ٹرانسپورٹ سروس سے مستفید ہونے کیلئے صبح سویرے ایک کلو میٹر دو رپیدل جانا پڑتا ہے۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ بستی میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں بھی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پائر پورہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔