سرینگر//تعمیراتِ عامہ او رکلچر کے وزیر نعیم اختر نے کل ٹی آر سی سرینگر میں نادِر قرآنی مخطوطات ، اسلامی خطاطی اور نوادرات کی پانچ روزہ نمائش کا افتتاح کیا ۔یہ نمائش عام لوگوں کے لئے 11؍ جون جاری رہے گی ۔اس پیمانے کی نمائش 1981کے بعد پہلی بار منعقد کی جارہی ہے ۔ نعیم اختر نے کہا کہ یہ ریاست جموں وکشمیر کے لئے ایک تاریخی موقعہ ہے اور فن کے شائقین اپنے شاندار ماضی کے بارے میں جانکار ی لے سکتے ہیں۔وزیر نے کہا کہ تاریخ کے وسطی دور کے اِن نادِر نمونوں کو جمع کرنے مختلف سرکاری محکموں اور کئی افراد نے مشترکہ کوششیں کی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس نمائش کے اہتمام کا مقصد لوگوں کو ریاست کی بیش قیمت تہذیب او رتمدن سے روشناس کرانا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ نمائش میں شیخ یعقوب صرفی ؒ کی دیوان اور دیگر کئی اشیاء پہلی بار رکھی جارہی ہے ۔شیرین قلم کے نام سے اس نمائش کا اہتمام ریاستی کلچرل اکیڈیمی نے نظامت سیاحت ، لائبریریز ، آکائیوز اور انٹیک کشمیر کے اشتراک سے کیا ہے۔اس نمائش میں فتح اللہ کشمیر ی کے ہاتھ سے 1237ء میں لکھئے گئے قرآن شریف کے نسخے کے علاوہ سنہری الفاظ میں لکھے گئے کئی دیگر مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر آرکائیوز اینڈ آر کیو لوجی منیر الاسلام ، ڈائریکٹر لائبریریز مسرت الاسلام ، سیکرٹری اکیڈیمی ڈاکٹر عزیز حاجنی ، انٹیک کے سینئر رکن سلیم بیگ کے علاوہ دیگر کئی شخصیات بھی موجود تھیں۔نمائش کے افتتاح پر کئی افراد اور سکولی بچوں نے یہاں آکر تاریخی اہمیت کے مخطوطات او رنوادِرات کا مشاہدہ کیا۔