جموں//وزیرا عظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے منگل کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کورونا وائرس کے خلاف لوگوں کے ردعمل کا جائزہ لیا اور تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میںمنتظمین کو ہدایت دی کہ وہ ترجیحاتی گروپوں کی قوائد و ضوابط کے تحت ٹیکہ کاری میں تیزی لائیں۔ میٹنگ میں کابینہ سیکریٹری، متعلقہ محکمہ جات کے سیکریٹریوں اور مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریوں نے حصہ لیا ۔ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے مرکزی وزارت صحت و سماجی بہبود ، ریاستی اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے شعبہ صحت اور میڈیکل عملہ کوٹیکہ کاری کا عمل کامیابی سے شروع کرنے پر مبارک باد دی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پورے بھارت میں ابتک 2.4ملین لوگوں کو ٹیکہ لگائے گئے ہیں۔ میٹنگ کے دوان ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ 15دنوں کے دوران ٹیکہ کاری میں تیزی لائیں اور ٹیکہ کاری کے شیڈول کو تمام سینٹروں کے ساتھ بانٹے اور ویکسین کی سپلائی کو یقین بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں اور آہستہ آہستہ ٹیکہ کاری کے مراکز میں اضافہ کریں۔ ریاستوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ وائرس کو روکنے کیلئے مختلف طریقوں سے ٹیکہ کاری کو آگے بڑھائیں، لوگوں میںاحتیاط برتنے کا جزبہ پیدا کریں، ہر ضلع میں ٹیسٹنگ کی شرح میں اضافہ کریں، آر ٹی پی سی آر کے ٹیسٹوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ دیگر اقدامات اٹھائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں و کشمیر میں ٹیکہ کاری کیلئے 2834مراکز قائم کئے گئے جبکہ 34نجی مراکز میں بھی لوگوں کو ٹیکہ لگائے جارہے ہیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ویکسین فراہم کیا جاتا ہے جبکہ نجی اداروں میںروپے ہر ڈوز کیلئے لوگوں کو ادا کرنے پڑتے ہیں۔
جموں کشمیر میں2فوت، 77 نئے متاثرین
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 25576ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 77افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں تاہم اس دوران 2افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ منگل کو مثبت قرار دئے گئے 77افراد میں سے 60کا تعلق کشمیر سے ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے 60افراد میں سے 17افراد مختلف ریاستوں سے سفر کرنے کے بعد واپس لوٹے جبکہ 43افراد مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں۔ منگل کو مزید 2افراد وائرس سے فوت ہوگئے جن میں ایک ضلع جموں جبکہ ایک کشمیر کے پلوامہ ضلع سے تعلق رکھتا ہے۔ پلوامہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ لتر پلوامہ سے تعلق رکھنے والا 70سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئے‘‘۔ 15فروری سے لیکر10 مارچ تک1769افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے1414کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے1414افراد میں سے944مقامی سطح پر جبکہ 531بیرون ریاستوں اور ممالک سے لوٹے ہیں۔کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 75065ہوگئی ہے۔ کشمیر میں 15فروری سے لیکر10مارچ تک 9افراد فوت ہوئے ہیں اور اسطرح متوفین کی تعداد 1236بنی ہوئی ہے جبکہ مجموعی طور پرجموں و کشمیر میں 1965افراد وائرس سے فوت ہوگئے ۔
اسلامیہ کالج میں پروفیسر سمیت مزید3مثبت
ابتک شعبہ تعلیم سے جڑے36افراد وائرس میں مبتلا
پرویز احمد
سرینگر //اسلامیہ کالج حول میں عملہ کے مزید 3افراد کی رپورٹیں مثبت آنے کیساتھ ہی ابتک کالج میں وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 9تک پہنچ گئی ہے۔ 15فروری سے 9مارچ تک مختلف سکولوں اور کالجوں میں 27اساتذہ،غیر تدریسی عملہ کے 8افراد اور ایک طالبہ سمیت 36افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جبکہ اسلامیہ کالج حول کو پہلے ہی تدریسی عمل کیلئے 13مارچ تک بند کردیا گیا ہے۔پرنسپل اسلامیہ کالج پروفیسر شیخ اعجاز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سوموار اور منگل کو عملہ سے جڑے 200افرادکے نمونے حاصل کئے گئے لیکن انکی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ کالج میں قوائد و ضوابط کے تحت صرف 50فیصد طلاب کو ہی حاضر ہونے کیلئے کہا جاتا ہے‘‘۔ کالج میں سوموار کو عملہ کے 50افراد کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن میں سے شعبہ حیاتیات کے ایک پروفیسر، شعبہ ایم بی اے میں تعینات غیر تدریسی عملہ کا ایک رکن اور دفتر میں تعینات ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی ہے‘‘۔ زونل میڈیکل آفیسر زڈی بل ڈاکٹر روبینہ اختر نے بتایا ’’ منگل کوکالج سے170افراد کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں لیکن سوموار کے نمونوں میں سے چند کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سرینگر ضلع میں ابتک مختلف کالجوں اور سکولوں میں تعینات عملہ کے 19افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 13اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کے6افراد شامل ہیں۔بڈگام ضلع میں ابتک 7745اساتذہ کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں 13اساتذہ کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ کے لولاب میں کاٹھ پورہ ہائی سکول میں ایک استاد کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد سکول کو بند کردیا گیا تھا۔ابتک وادی میں 5سکول اور ایک کالج کورونا وائرس کی وجہ سے محدود مدت کیلئے بند ہوگئے ہیں۔
درگمولہ تحصیل آفس کا ملاز م مثبت ،دفتر 2 دن کیلئے بند
کپوارہ/اشرف چراغ /تحصیل دفتر درگمولہ کو منگل کے روز اس وقت بند کرنا پڑا جب وہا ں تعینات ایک ملازم کا ٹیسٹ مثبت آیا ۔شمالی ضلع کپوارہ میں اگرچہ کو ڈ 19کیسو ں میں ٹھہرائو آیا ہے، تاہم مثبت کیسو ں کے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب اس کی لہر سرکاری ادارو ں تک جا پہنچی ہے ۔ تحصیل دفتر درگمولہ میں ایک ملازم کا کیس مثبت آنے سے ساتھ ہی دفتر کو 2روز کیلئے بند کر دیا گیا ہے اور ملازم کو فوری طور گھریلو کورنٹین کیا گیا جبکہ دیگر ملازمو ں کے بھی نمونے حاصل کئے جارہے ہیں ۔